کراچی(پی این آئی) سندھ حکومت کی جانب سے یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پیپزل پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے یوم مزدور کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں یکم مئی بروز ہفتہ کو عام تعطیل ہو گی۔ یکم مئی ہفتے کے روز یوم مزدور کے سلسلے میں صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ضمنی الیکشن کی وجہ سے بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249میں ضمنی الیکشن کل ہوگا، سندھ حکومت نے ضمنی انتخاب کے پیش نظر حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت ووٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لئے این اے 249 کراچی ویسٹ میں 29 اپریل کو کلوز ہالیڈے ہوگا۔دوسری جانب الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدرنے کہاہے کہ این اے 249 میں مجموعی پولنگ اسٹیشن 276 ہیں، جن میں سے 92 پولنگ اسٹیشن حساس جبکہ 184 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔بدھ کوگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی حلقہ 249 انتخابی سامان کی ترسیل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر نے بتایاکہ این اے 249 میں 3 لاکھ 39 ہزار 591 مجموعی رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حلقے میں مجموعی پولنگ اسٹیشن 276 ہیں جن میں سے مشترکہ پولنگ اسٹیشن 139 ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقے میں مرد پولنگ اسٹیشن 76 اور خواتین پولنگ اسٹیشن 61 ہیں،پولنگ بوتھ کی تعداد 796 ہے، جن میں سے مرد بوتھ کی تعداد 458 اور خواتین بوتھ 338 ہیں۔سید ندیم حیدر نے انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ رینجرز اور پولیس کی پیٹرولنگ حلقے میں جاری رہے گی،2800 سے زائد پولیس اور 1100 رینجرز اہلکار سیکیورٹی پر مامورہوں گے۔الیکشن کمشنرنے کہاکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیںجبکہ پریزائیڈنگ افسران سمیت تمام افسران کو ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں