مئی میں ہونیوالے امتحانات سے متعلق محکمہ تعلیم نے فیصلہ سنا دیا

لاہور (آن لائن) محکمہ تعلیم پنجاب نے آئندہ ماہ مئی میں ہونے والے امتحانات بھی غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردئیے ہیں۔محکمہ ایجوکیشن پنجاب نے امتحانات تاحکم ثانی ملوث کئے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ پنجاب حکومت کی کرونا کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ آئندہ ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل لاک ڈائون نافذ کردیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں مکمل لاک ڈائون کی مدت دو ہفتے بتائی جا رہی ہے اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مکمل لاک ڈائون لگانے یا نہ لگانے کا حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے شہر میں کرونا کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاہوریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خدا کے لئے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ لاہور کے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ شہر میں اگر کرونا کے حالات جوں کے توں رہے تو حکومت کرفیو لگانے سمیت دیگر تجاویز پر غور کررہی ہے۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ قوی امکان ہے کہ شہر میں کرفیو لگا دیا جائے یا کرونا کے مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل لاک ڈائون لاگو کردیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close