اگر ہم لوگ ادھر اُدھر ہوگئے تو ان کی حکومت نہیں بچتی، جہانگیر ترین گروپ کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر شدید ردِ عمل آگیا

اسلام آباد (پی ین آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے جہانگیر ترین گروپ پرآدھا تیتر آدھا بٹیر کہہ کر کیے گئے ظنز کا رد عمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیرعبدالحئی دستی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اندازہ نہیں ہے کہ اگر ہم لوگ ادھر اُدھر ہوگئے تو ان کی حکومت نہیں بچتی ، ہم 21 اراکین صوبائی اسمبلی اور 8 اراکین قومی اسمبلی تھے ، میں تو اس بات پر حیران ہوں کہ اس قسم کا بندہ وزیر خارجہ بن گیا ، جو اتنی آسانی سے کہہ رہا ہے کہ یا ادھر ہوجائیں یا اُدھر ہوجائیں۔نجی ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ اس چیز کی افادیت کا وزیر اعظم عمران خان کو علم ہے ، شاہ محمود قریشی جیسے بندوں کو ان چیزوں کا کیا پتا؟ تاہم وزیر اعظم عمران خان کو اس چیز کا احساس ہے اور انہیں یہ بھی معلوم ہے کہ یہ لوگ پارٹی کے ساتھ وفادار ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ہم نے ان سے ملاقات کی درخواست کی اور انہوں نے ہمیں بلایا جہاں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہماری بہت خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے ملتان سے آزاد حیثیت میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم نے کہا کہ شاہ محمود قریشی خود آدھا تیتر اور آدھا بٹیر رہے ہیں ، لگتا ہے انہیں کسی مرید نے زیادہ تیتر بٹیر کھلا دیے ہیں اس لیے انہیں بات کرتے ہوئے سمجھ نہیں آئی لیکن وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہماری ملاقات کے بعد انہیں سمجھ آگئی ہوگی۔ایک ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے شاہ محمود قریشی نوازشریف کے ساتھ صوبائی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے ، اس کے بعد یہ بے نظیر صاحبہ کے ساتھ وزیر خارجہ رہے ، پھر آصف زرداری کے ساتھ رہے ، اب وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں اور اگلے الیکشن میں ان کا کچھ پتا نہیں یہ کہاں پر ہوں گے ، ابھی تک یہ بھی وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ یہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کی طرف سے لڑیں گے بھی یا نہیں لڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close