عمران خان کسی اور کو نہیں خود کو این آر او دے رہے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کسی اور کو نہیں خود کو این آر او دے رہے ہیں، انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اگلا الیکشن پارٹی ٹکٹ پر نہیں لڑسکتے، منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت عوام کے لیے بہت بڑی لعنت ہے ،ہم تو برداشت کرلیں گے لیکن عوام حکومت پانچ سال برداشت نہیں کرسکتے،مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اگلا الیکشن پارٹی ٹکٹ پر نہیں لڑسکتے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سازش کی بو آ رہی ہے، اگر کچھ ہونے جا رہا ہے تو اس کا پارلیمنٹ اور کشمیریوں کو نہیں پتا،مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر اگر کوئی سازش ہو رہی ہے تو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، نااہل حکومت نے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلائوں گی، ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح یقینی ہے میں چاہتی ہوں کہ اس لعنت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے ،انہوں نے میاں جاوید لطیف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو سچ بولنے پر سزا دی جا رہی ہے، وہ اتنے ہی محب وطن جتنے ہم سب ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرا انٹرویو بہت کلیئر ہے، میں نے کہا تھا کہ ہم حکومت کوایکسپوز ہونے کا پورا موقع دینا چاہتے ہیں،کشمیر الیکشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں،راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی بہت خدمت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close