کاروبار بند، اِن ڈور اور آئوٹ ڈور شادیوں پر پابندی، تین ہفتوں کیلئے سخت لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کی بڑھتی وبا پر قابو پانے کیلئے صوبے بھر میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا۔ اس دوران افطار سے سحری تک تمام کاروبار بند رہیں گے، صوبے بھر میں اِن ڈور شادیوں پر مکمل پابندی جب کہ زیادہ شرح والے اضلاع میں آؤٹ ڈور شادیوں پر بھی پابندی رہے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ سارہ اسلم نے 17 مئی تک کے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران افطار سے سحری سے تک ہر قسم کا کاروبار بند رہے گا اور اس دوران اجتماعات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق شام چھ بجے کے بعد صوبے بھر میں ہر قسم کے کاروبار بند رہیں گے۔ صرف پٹرول پمپ، میڈیکل سٹورز اور ویکسی نیشن سنٹرز کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی تاہم 30 اضلاع میں جمعہ اور ہفتہ کی تعطیل کی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اِن ڈور شادیوں پر صوبے بھر میں مکمل پابندی رہے گی۔ میرج ہال، کمیونٹی سنٹرز، مارکی اور ایونٹ ہال بند رہیں گے۔ بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ، قصور، خانیوال، لاہور، ملتان، منڈی بہاؤالدین، نارووال میں آؤٹ ڈور شادیوں پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اوکاڑہ، راولپنڈی، رحیم یار خان، سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، شیخوپورہ اور وہاڑی میں بھی آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات نہیں کی جاسکیں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں ریسٹورنٹس میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی عائد رہے گی ، ہوٹلوں پر صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔لاک ڈاؤن کے دوران صوبے میں پارکس بند رہیں گے اور صرف کورونا ایس او پیز کے تحت جاگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔ تمام شہریوں کیلئے پبلک ایریاز میں جانے کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ تمام سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر صبح نو سے دوپہر دو بجے تک 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ پنجاب میں سینما ہال، جم، مزارات، بڑے اجتماعات، سپورٹس فیسٹیول، کلچرل ایونٹس پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد جب کہ ریل گاڑیوں میں 70 فیصد مسافروں کی اجازت ہوگی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close