جہانگیر ترین سمیت تمام شوگر ملز مالکان اپنے کیسز کی پیروی کریں، وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کی استدعا مسترد کر دی، بلیک میلنگ میں نہیں آئوں گا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے جہانگیرترین کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد کردی، وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی قیمت میں اچانک اتنا اضافہ ہوا تو کیا ہم پوچھیں بھی نہیں؟ شہزاد اکبر کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں،وہ یقینی بنائیں گے ایف آئی اے کسی سے زیادتی نہ کرے، جہانگیر ترین سمیت سب مل مالکان اپنے کیسز کی پیروی کریں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی۔ ارکان نے جہانگیرترین کے خلاف کیسز سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ جہانگیرترین حامی گروپ کے ارکان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ شہزاد اکبراور ان کی ٹیم کو اس معاملے سے الگ کرکے کمیشن سے تحقیقات کروائیں۔جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اچھا لگا کہ آپ نے اپنے اعتراضات بتائے، آپ سب لوگوں کو مجھ پراعتماد ہے؟ عمران خان نے کہا کہ میری واضح پالیسی ہے احتساب میں مخالفین کے ساتھ بھی زیادتی نہ ہو۔جہانگیر ترین میرے ذاتی دوست اور پارٹی کے اہم رہنماء ہیں۔ انصاف کا تقاضا ہےکہ ہم سب قانون کے سامنے جوابدہ ہیں۔ہم میرٹ اورانصاف کے مقصد کیلئے اقتدارمیں آئے ہیں۔ چینی کی قیمت میں اچانک اتنا اضافہ ہوا توکیا ہم پوچھیں بھی نہیں؟ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ یقین رکھیں کسی کےساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انصاف کا تقاضا ہےکہ سب کو صفائی کا پورا موقع ملے۔ شہزاد اکبر کو کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، وہ میرٹ پرکام کر رہے ہیں۔ شہزاد اکبر یقینی بنائیں گے ایف آئی اے کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے۔ جہانگیر ترین سمیت سب مل مالکان ایف آئی اے میں اپنے کیسز کی پیروی کریں۔ اس دوران وزیراعظم نے ملاقات کرنے والےا راکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس سے قبل ملاقات میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے شہزاد اکبر سے متعلق وزیراعظم کو اپنی چارج شیٹ پیش کی۔ جس میں الزام عائد کیا گیا کہ شہزاد اکبرایف آئی اے کو جہانگیرترین کیخلاف استعمال کر رہے ہی۔ خسرو بختیار گروپ، ہارون اختر گروپ، اومنی گروپ اور شریف خاندان کی تمام ملوں کو تحقیقات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ارکان اسمبلی راجا ریاض اور نذیر چوہان میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہماری ساری باتوں کو قبول کیا، جہانگیرترین کے ساتھ کسی صورت ناانصافی نہیں ہوگی۔ نذیرچوہان نے کہا کہ وزیراعظم نے جہانگیرترین سے متعلق تحفظات کوسنا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ جہانگیرترین سے ناانصافی نہیں ہوگی۔ رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا کہ جہانگیرترین کے حوالے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے مکمل طور پر یقین دلایا ہے ہر صورت انصاف ہوگا، سب کو انصاف ملے گا، وزیراعظم کو بتایا کہ ہمیں خدشات تھے ہمارے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں ہے، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، تھوڑا وقت دیں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے۔راجا ریاض نے کہا کہ شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات بھی وزیراعظم سے بیان کیے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔ اس معاملے کو میں ذاتی طور پر دیکھ رہا ہوں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ یہ معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں۔ تاہم وزیراعظم نے معاملات حل کرنے کا کوئی وقت نہیں دیا۔راجا ریاض نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاملات کے حل کیلئے وقت مانگا ہے۔ ہمیں اپنے کپتان پر پورا یقین ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں