پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد8لاکھ 452ہو گئی ہے جبکہ ملک وائرس کی تیسری لہر کا مقابلہ کر رہا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی)نے پیر کے روز بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4ہزار 825نئے کیسز اور 70اموات سامنے آئی ہیں۔ جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی کل تعداد 17ہزار 187ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر 6لاکھ 94ہزار 46افراد بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔این سی او سی نے بتایا کہ پنجاب 2لاکھ 90ہزار 788مصدقہ کیسز کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ ہونیوالا صوبہ ہے اس کے بعد صوبہ سندھ کا نمبر ہے جہاں 2 لاکھ 78ہزار 545افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر نوول کرونا وائرس کیلئے جاری کی گئی تمام احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تو ملک بھر میں نوول کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔عمران خان نے ٹیلی ویژن پر اپنے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ اگر حالات بدستور خراب ہوتے چلے جاتے ہیں تو حکومت کو شہروں میں لاک ڈان نافذ کرنا پڑے گا جو حکومت نہیں کرنا چاہتی اور نہ ہی اس کی متحمل ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے غریب مزدور اور دیہاڑی دار افراد سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔نوول کرونا وائرس سے متعلق اقدامات کے سختی سے نفاذ کیلئے وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں صوبوں اور وفاقی علاقوں کو فوج سے مدد لینے کی اجازت دی گئی ہے۔پہلے سے موجود پابندیوں کے علاوہ پاکستان نے حال ہی میں کیسز کی 5فیصد سے زیادہ مثبت شرح کے حامل شہروں میں سکول بند کرنے ، بند اور کھلی جگہوں میں کھانا کھانے پر پابندی عائد کرنے اور بازاروں و دفاتر کے اوقات کم کرنے کے تازہ ترین اقدامات اٹھائے ہیں۔بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد اور 23 ممالک کیلئے سفری پابندیوں میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں