پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، آئندہ کی سیاسی حکمت اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت

اسلام آباد(آئی این پی)سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہحکومت سے نجات اور خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،جو لوگ پی ڈی ایم چھوڑ گئے ان ساتھیوں کو اپنی غلطی تسلیم کرنے کا ایک اور موقع دیتے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اجلاس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی ارکان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا،اجلاس میں اسحاق ڈار، احسن اقبال اور جہانزیب جمالدینی ویڈیو لنک پر شریک ہوئے، اجلاس میں پی ڈی ایم کی آئندہ کی سیاسی حکمت اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پی ڈی ایم چھوڑنے والے مثبت لب و لہجے میں بھی بات کرسکتے ہیں ، جو رویہ انہوں نے اپنایا ہے کس جمہوری انداز کی عکاسی کرتاہے؟ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنی پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے،کچھ ساتھی جو علیحدہ ہوئے ہیں انہیں جونظر ثانی کی اپیل کی اس پر قائم ہیں،ان ساتھیوں کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلد سربراہی اجلاس بلایا جائے گا اور پوری قوت کے ساتھ بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، آئندہ اجلاس میں ماہرین سے معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز بھی لی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ کورونا کا رونا رویا جا رہا ہے، لاک ڈائون کیا جا رہا ہے، آج تک ایک پیسے کی دوائی بھی باہر سے نہیں لائی جا سکی، اس حکومت سے نجات اور خاتمہ کے لیے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں