اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایف پی سی سی آئی کے وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر کی میزبانی کی اور تاجر برادری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے چیئرمین پاکستان سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ ایف پی سی سی آئی کے ایک بڑے وفد میں سینئر عہدیداران اور پاکستان کے تجارتی، صنعتی اور تاجر برادری کے سینئر نمائندے شامل تھے۔ صادق سنجرانی اور ایف پی سی سی آئی کے وفد نے میاں ناصر حیات مگوں کی سربراہی میں ملک کے کاروباری ماحول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور پاکستان کی معاشی نمو میں رکاوٹ بننے والے معاملات کی نشاندہی کی۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ کو معاشی، صنعتی، مالیاتی، توانائی، ٹیکس لگانے/محصولات، کاروبار میں آسانی اور پاکستان کی تجارتی پالیسیوں سے متعلق ان کے خدشات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے معاملات اٹھانے کا وعدہ کیا۔ ایف پی سی سی آئی کا وفد خواجہ شاہ زیب اکرم ، سینئر نائب صدر، اطہر سلطان چاولہ، عدیل صدیقی، اور عارف جیوا ، نائب صدور، حاجی غلام علی، نائب صدر سارک سی سی آئی، سابق سینیٹر ظفر چوہدری، خرم طارق سعید، شیخ اسلم، اور قیصر خان، سابق نائب صدور، مرزا عبد الرحمن، کوآرڈینیٹر کیپیٹل آفس اسلام آباد، شیخ سلطان رحمان، کوآرڈینیٹر ہیڈ آفس کراچی، محمد علی میاں، کوآرڈینیٹر پنجاب، عرفان اقبال شیخ، سابق صدر لاہور سی سی آئی، اور چوہدری وحید، ندیم قریشی، اور مدثر منصور پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر شبلی فراز اور اعظم سواتی سمیت متعدد وفاقی وزرائ/ وزیر اعظم کے مشیر بھی موجود تھے۔ صادق سنجرانی نے میاں ناصر حیات مگوں کو کرسٹ آف سینیٹ آف پاکستان پیش کیا اور میاں ناصر حیاط مگوں نے انہیں ایف پی سی سی آئی کا کریسٹ پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں