گورنرپنجاب چودھری محمد سرورسے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات

لاہور (آن لائن) گورنرپنجاب چودھری محمد سرورسے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر چودھری سرور اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا شعیب سڈل کے ایک رکنی اقلیتی کمیشن کی تعلیمی نصاب بارے سفارشات پر تشویش کا اظہار جبکہ کورونا سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سرور اور چودھری پرویزالٰہی نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے ایس اوپیز پر عمل کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر ضروری ہو گیا ہے کہ عوام اپنی سرگرمیاں محدود کریں، اس وقت کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے، ہر طبقے کو اس صورتحال میں تعاون کرنا چاہئے۔ گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے مثبت کیسوں کی شرح سے ہسپتالوں پر دبائو بڑھ رہا ہے، خطے میں بھی کورونا کی وجہ سے صورتحال نہایت خطرناک ہو رہی ہے، حکومت ایس او پیز کے موثر نفاذ اور ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کر رہی ہے اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی اور وینٹی لیٹرز کی تعداد کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام حالات کی سنگینی کا احساس کریں، ایس او پیز پر عمل کریں، ایک ماسک پہننے سے وینٹی لیٹر کی خطرناک صورتحال سے بچا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close