لاہور (آن لائن) پنجاب ڈائیز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے لاہور چیپٹر کے صدر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے حکومتی وزیروں اور مشیروں پر زور دیا ہے کہ وہ بار بار مکمل لاک ڈائون کی خبر دے کر بزنس کمیونٹی اور عوام الناس میں خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کریں۔ کروناوائرس ایک حقیقت ہے جو جلد ختم نہیں ہونے والا لہذا کاروباری سرگرمیاں بند کرکے تباہی پھیلانے کے اعلانات کرنے کے بجائے مثبت سوچ اپنائی جائے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ کروناوائرس کی پہلی لہر کے بعد ملک بھر میں ٹریڈ اور انڈسٹری کی سرگرمیاں بند کردی گئی تھیں جن کی وجہ سے لگنے والے دھچکوں سے بزنس کمیونٹی آج تک باہر نہیں نکل سکی ہے۔ سونے پر سہاگہ ہے کہ ٹھوس پلاننگ کرنے کے بجائے وزیر اور مشیر مکمل لاک ڈائون کے اعلانات کرکے بزنس کمیونٹی اور عوام میں پریشانی پھیلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں چھ بجے بند کردینا کوئی منطقی فیصلہ نہیں ہے۔ جتنے کم اوقات کار ہونگے اتنا ہی زیادہ رش ہوگا لیکن یہ بات فیصلہ سازوں کو سمجھ نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رش کرونا کو پھیلانے کا سبب بن رہاہے۔ اگر حکومت بار بار لاک ڈائون لگانے کا اعلان کرکے اور مارکیٹیں محدود اوقات کے لیے کھول کر بے چینی پھیلانے کے بجائے کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائے اور مارکیٹیں چوبیس گھنٹے کے لیے کھولنے کی اجازت دے دے تو صورتحال بہت حد تک بہتر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا پر قابو پانا بہت ضروری ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا بھی ضروری ہے کیونکہ ملک معاشی تباہی برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ #/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں