کراچی(آن لائن)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی کہ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں کیونکہ کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک ہے اور اب یہ بہت تیزی سے بھی پھیل رہی ہے۔حکومت کو ایک بار پھر آپ سے تعاون درکار ہے، سب سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل ہرصورت یقینی کریں کیونکہ صرف چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے آپ اپنے پیاروں اور ہم وطنوں کی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اوراحتیاطی تدابیر پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء اسد عمر، علی حیدر زیدی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو،رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، خرم شیر زمان ، محمود مولوی، حلیم عادل شیخ اور بلال غفار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے صدر مملکت کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ ، احتیاطی تدابیر کے لئے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات اور ویکسین درآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اسد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے،موجودہ وبائ کی لہر پہلے سے زیادہ مہلک ہے اور یہ بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے باعث اسپتالوں میں آکسیجن کی طلب میں اضافہ کے باعث آکسیجن کی فراہمی کی صلاحیت اب دباؤ کا شکار ہے اس وقت تشویشناک مریضوں کی موجودہ تعداد گذشتہ برس جون کی نسبت 30 فیصد زائد ہے اس لئے بار بار عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ورنہ لاک ڈاؤن پر مجبور ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے فی الحال چند مزید پابندیاں لگائی گئی ہیں امید ہے اس کے نتائج مثبت سامنے آئیں گے۔گورنرسندھ نے کہا کہ صوبائی حکومتوں سے ایس او پی پر عملدرآمد اور پابندیوں کے حوالے سے مشاورت کا عمل یقینی بنایا گیا ہے،وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کررہی ہے۔#/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں