کورونا کی بگڑتی صورتحال ، حکومت کا 17اضلاع میں سکول بند کرنے کا اعلان

لاہور(آئی این پی) پنجاب میں 6فیصد شرح کے اضلاع میں اسکولز بند کرنے کے معاملے پر صوبائی حکومت نے پہلے سے بند 13اضلاع کے ساتھ 4 مزید اضلاع کے اسکولز بھی بند کر دئیے،صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 17اضلاع میں تمام اسکولز بند کر دئیے گئے، اگلے احکامات آنے تک تمام سرکاری اور پرائیوٹ اسکولز بند رہیں گے،پہلے سے بند 13اضلاع کے ساتھ اب جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال اور بھکر کے تمام سکولز بند کیے گئے ہیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے،مراد راس نے کہا کہ 17اضلاع کے علاوہ باقی تمام اضلاع کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسکولز کھولیں گے۔۔۔۔۔

وزرات صحت نے چین سے آئی کورونا ویکسین سائینو ویک کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں

اسلام آباد(آئی این پی)وزرات قومی صحت نے چین سے آئی کورونا ویکسین سائینو ویک کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔پاکستان نے گزشتہ روز سائنو ویک ویکسین حکومتی سطح پر چین سے درآمد کی ہے۔سائنو ویک کی پانچ لاکھ ڈوز درآمد کی گئی ہے۔اب وزارت قومی صحت کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایک فرد کو سائنو ویک ویکسین کی دو خوراکیں لگائیں جائیں، پہلی خوراک کے بعد ویکسین کی دوسری خوراک 28دن بعد لگائی جائے ، ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے ، بچوں کو ویکسین نہ لگائی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بخار ہونے کی صورت میں ویکیسن لگانے سے اجتناب کیا جائے، ایسے افراد جن کو کورونا ویکسین یا کسی بھی قسم کی ویکیسن سے الرجی ہو ،نہ لگائیں، شدید دائمی امراض کے شکار افراد کو ویکسین نہ لگائی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حاملہ خواتین کو ویکسین لگانے میں احتیاط کی جائے، اس پر کم تجربات کیے گئے ہیں، نکسیر مسائل کا شکار افراد کو ویکسین لگنے سے خون نکل سکتا ہے، شوگر کنٹرول نہ ہونے، مرگی کے مریضوں میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔ہدایت نامے کے مطابق ویکسین کی شیلف لائف 12 ماہ ہے ، ویکسین کو 2 سے 8 سینٹی گریڈ تک اسٹور کیا جائے ، ویکیسن کو فریز نہ کیا جائے ، روشنی سے بچایا جائے ، ویکسین کے لیے روم ٹمپریچر 25 سینٹی گریڈ سے زیادہ نہ ہو۔ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سائنو ویک ویکسین بازوں کے بالائی حصے میں پٹھوں پر لگائی جائے ، ویکسین کو شریانوں میں کسی صورت نہ لگایا جائے۔۔۔۔۔

جاپان میں کورونا بے قابو، ٹوکیو اور اوساکا کے خطے میں ہنگامی حالت نافذ

ٹوکیو(شِنہوا)جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدیسوگا نے ملک کے دارالحکومت ٹوکیو اور اوساکا،کیوٹو اورہائوگوکے مغربی پریفیکچرزمیں کوویڈ-19کا پھیلا روکنے کے لئے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ملک میں اب تک کی اعلان کردہ یہ تیسری ہنگامی حالت ہے جو اتوار سے 11 مئی تک نافذ العمل ہوگی۔ہنگامی حالت کے نفاذ کا مقصد آمدہ تعطیلات کے دوران کوویڈ-19کے کیسزمیں اضافے کو روکنا ہے۔سوگا نے کہا کہ گولڈن ویک کے دوران بہت سے لوگ چھٹی پرہوںگے اس لئے وائرس پر قابو پانے کے لئے ہمیں یکسوئی کے ساتھ سخت اقدامات اٹھانا چاہئیں۔ ریستوراںز اور شراب خانوں میں شراب پیش کرنے پر پابندی اور بڑے تجارتی مراکزکی بندش جیسی سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close