لاہور(پی این آئی) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہانگير ترين ہوں يا کوئی اور کسی سے امتیازی سلوک نہيں ہوگا، قانون کے سامنے سب جوابدہ ہيں، وزیراعظم نے جہانگیرترین کے معاملے پر قانون کی بات کی، پی ٹی آئی رہنماؤں کے تحفظات پر حکمت عملی بنا رہے ہيں۔ انہوں نے آج یہاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا اور یہاں مقیم بے آسرا اور بے سہارا بچوں کے ساتھ افطاری کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نادار بچوں کی کفالت پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے,وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کا وژن اور مشن ہے کہ ضرورتمند اور بے سہارا بچوں کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کا مشن مدینہ کی ریاست کا حصول ہے,لاوارث اور یتیم بچوں کی کفالت اور انکے حقوق کا تحفظ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔یہ بچے قیمتی اثاثہ اور قوم کا مستقبل ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ایک ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان بچوں کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں سے میری دوستی ہے اور یہ بچے میرے دل میں بستے ہیں,اس لیے ان بچوں سیملنے کیلئے میں تواتر سے ملاقات کرتی رہتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور انکے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔ جن کو اپنے چھوڑ جاتے ہیں اور ان کیلئے زندگی بوجھ بن جاتی ہے ریاست ان کا بازو اور سہارا بنتی ہے اور ہم ان بچوں کی بہترین نشوونما کر رہے ہیں. معاون خصوصی نے کہا کہ یہاں ایسے بچے بھی ہیں جن کے والدین بچھڑ جاتے ہیں,اللہ تعالی نیک بندوں کو اپنے بندوں کی خدمت کیلئے چنتا ہے۔مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کریں۔ان بچوں کا مستقبل تابناک ہے,ان میں آگے بڑھنے کی لگن جستجو قابل دید ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن کے بچوں کو دین اور دنیا کی تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔حکومت بچوں کی جنسی تشدد کے حوالے سے قانون سازی کر رہی ہے۔ میڈیا اور قوم بھی بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے۔والدین بچوں کو جدید ٹیکنالوجی ضرور دیں مگر ان پر چیک اینڈ بیلنس بھی رکھیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج بچوں کیساتھ گزرے پل میری زندگی کے یادگار لمحات میں سے ایک ہیں,میں بار بار ان بچوں سے ملنے آؤں گی۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اصلاحات لانے پر چیئرمین چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔دورہ کے موقع پر بچے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے گھل مل گئے اور تصاویر بنوائیں۔بچوں نے معاون خصوصی کو اپنی ہاتھ سے بنی پینٹنگز بھی پیش کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں