پاکستان کے کون کونسے اضلاع کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں؟ تشویشناک رپورٹ آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں کورونا وباء کے متاثرہ اضلاع کی فہرست جاری کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 38 فیصد مثبت کورونا کیسز کے ساتھ مردان سرفہرست ہے ، پشاور اور لوئر دیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد ہوگئی ، مالاکنڈ میں 24، کوہاٹ 20، کرک 22، نوشہرہ اور مہند میں 11،11 فیصد ہے ، جب کہ خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے زائد ہوگئی ہے ، بونیر، شانگلہ، سوات دیر اپر، مالاکنڈ ،صوابی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 15فیصد ہے ، خیبر پختونخوا کے 8اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10فیصد زائد ہے جب کہ صوبے کے 21اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10فیصد سے کم ہے۔بتایا گیا ہے کہ سوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح17اعشاریہ7 فیصد ہوگئی ، جب کہ کراچی میں یہ شرح 8اعشاریہ73 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جب کہ صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پر کورونا کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 60 رکارڈ کی گئی ہے جہاں لاہورمیں کورونا کیسز کی شرح 19 اعشاریہ 25 تک پہنچ چکی ہے ، اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان میں کورونا کےمثبت کیسز کی شرح 10اعشاریہ 9 فیصد رہی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10اعشاریہ 25 فی صد ہے۔خیال رہے کہ قومی رابطہ کمیٹی نے 5 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے تمام اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جن شہروں میں کیسز کی شرح زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی، لاک ڈاؤن اور سکولوں کی بندش کا صوبوں کے ساتھ مل کر پلان بنائیں گے ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز شریک ہوئے ، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی صوتحال کا جائزہ لیا گیا۔

close