حکومت نے عید تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) قومی رابطہ کمیٹی نے 5 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے تمام اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہیے، جن شہروں میں کیسز کی شرح زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی، لاک ڈاؤن اور سکولوں کی بندش کا صوبوں کے ساتھ مل کر پلان بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی صوتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے بتایا کہ خدشہ ہے کورونا کی ایسی صورتحال پیدا ہو جائےکہ شہر میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے صوبوں سے مل کر پلان بنائیں گے۔ ہوٹلز اور ریسٹورانٹس میں ان ڈورڈائننگ پر پہلے ہی پابندی تھی، عید تک آؤٹ ڈور پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے، تاہم ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔اسی طرح دفتری اوقات کار2 بجے تک کی جارہی ہے۔ دفتر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کو نہ بلایا جائے۔ 50 فیصد ورک فرام ہوم کی پالیسی پرعملدرآمد کیا جائے۔ ایس اوپیز کے تحت تمام بازار شام چھ بجے تک کھلے رہیں گے۔ جبکہ شام 6 بجے کے بعد صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں ہی کھلیں گی۔ باقی کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ اسی طرح وہ اضلاع جہاں 5 فیصد سے زیادہ مثبت کیسز ہیں وہاں اسکول بند ہوں گے۔جن شہروں میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ اور شرح 13 فیصد سے زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں قوم کو آگاہ کیا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2 ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی، میں نے فوج کو کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close