کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے، 22اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 22 اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے، پاکستان کے خلاف پڑوسی ملک میں سازشیں کی جارہی ہیں، ہم اپنی فوج اور ایجنسیوں کی مدد سے دشمن پر قابو پالیں گے ، کوئٹہ ودھماکا خود کش تھا ،دھماکے کے وقت بمبار اپنی گاڑی میں ہی بیٹھا رہا، جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دھماکا خود کش تھا، اور خود کش حملہ آورگاڑی میں بیٹھا رہا، دھماکے میں 60 سے 80 سے کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، اور اس میں ایک خود کش حملہ آور کے علاوہ 5 افراد جاں بحق ہوئے، حملہ آور کی کوئی شناخت نہیں ہوئی ہے، جب کہ زخمی ہونے والی6 افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، گوادر ملک کی ترقی کا دروازہ ہے، دشمن کو پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہو رہی، اور پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوششیں جاری ہیں، بڑے شہروں میں موجود دشمن امن کو خراب کر رہے ہیں، ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے، پاکستان کے خلاف پڑوسی ملک میں سازشیں کی جارہی ہیں، گزشتہ 10 روز کے اندر 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھلے جو بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا کا حل نکالنے جارہے ہیں جلد قانون لائیں گے، امن و امان سے متعلق اہم قانون قومی اسمبلی میں لانا چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے، 22 اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے، خیال تھا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں لیکن اب ایسا نہیں ہے، ایف سی کو کوئٹہ سے نہیں نکالیں گے۔ عظیم فوج اور ایجنسیاں ہماری طاقت ہے، عظیم فوج، ایجنسیاں اور 22 کروڑ عوام کی مدد سے دشمن کے عزائم کو ناکام کرکے ان پر قابو پالیں گے، اسلام آباد میں امن کی صورتحال کا بھی نوٹس لیتے ہیں، ابصار عالم کے کیس کے لیے دو دن کی مہلت دی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر اور بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہیں اور چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہماری دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے، یہ دھماکا پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندر سیغیرمستحکم کرنے کی غیر ملکی کوشش کی جا رہی ہے، چین کے سیفر کئی دنوں سے بلوچستان میں ہیں، وہ محفوظ ہیں اور انہوں نے اسٹاف کالج سے خطاب کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں