فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا گیا تو پورا یورپ پاکستان کیلئے بند ہو جائیگا،بڑی پیشنگوئی کر دی گئی

ٹھٹھہ (پی این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے سے یورپ پاکستان کے لیے بند ہوگا۔ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی بھی وہی کہہ رہی ہے جو حکومت کہہ رہی ہے۔ناموس رسالت پر ہم سب کا مقصد ایک ہے بس طریقہ کار میں فرق ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹی ایل پی سے کامیاب مذاکرات پاکستان اور اسلام کے لیے خوشخبری قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو جہاں مدد کی ضرورت پڑے گی ساتھ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالا گیا تو یورپ پاکستان کے لیے بند ہو جائے گا۔خیال رہے کہ گذشتہ رات حکومت اور تحریک لبیک کے مابین مذاکرات کامیاب ہوئے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔دوسری جانب 6 روز تک معطل رہنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ، ملتان روڈ کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے ، اس کے علاوہ منصورہ ، علامہ اقبال ٹاوَن ، یتیم خانہ چوک پر بھی انٹرنیٹ سروس بحال ہوچکی ہے جب کہ مولانہ شوکت علی روڈ، جوہر ٹاوَن کے علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close