لاہور (آن لائن) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے خواب کو عملی شکل دینے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بے گھر افراد کو آسان اقساط پر گھر فراہم کرنے کے وعدہ کو پورا کرتے ہوئے آج اس منصوبے کی قرعہ اندازی کی ہے جس کے تحت 800اپارٹمنٹس ایل ڈی اے بشمول واسا کے ملازمین، 800 اپارٹمنٹس پنجاب حکومت کے ملازمین اور 400 اپارٹمنٹس وفاقی حکومت کے ملازمین کو دیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج صوبائی وزیرسپیشل ایجوکیشن چوہدری محمداخلاق اور وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لئے پنجاب حکومت کی خصوصی دلچسپی عیاں ہے اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج خصوصی بچوں کے لئے بھی منصوبے کی منظوری دی ہے جس کے تحت خصوصی بچوں کیلئے نہ صرف رہائشی اور کھانے پینے کی بلکہ کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ قیام پاکستان سے آج تک سوائے عمران خان کے کوئی لیڈر غیر مسلموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ناموس رسالت کے حوالے سے بات نہ کرسکا۔اس حساس معاملے پر ہمیشہ جلاؤ گھیراؤ کا راستہ اپناتے ہوئے ملکی املاک کو ہی نقصان پہنچایا گیا۔ڈاکٹرفردوش عاشق اعوان نے کہاکہ اس مسلے پرکسی بھی حکمران نے کوئی ایسا لائحہ عمل ترتیب نہ دیا جس میں اقوام عالم کیلئے واضح پیغام ہوتا۔ناموس رسالت کے معاملے پر عالم اسلام کو متحد کرنا وزیراعظم عمران خان کا اہم مشن ہے۔ناموس رسالت کا مقدمہ جس بے باکی سے وزیراعظم عمران خان نے لڑا اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے وفد نے وزیرداخلہ کی سربراہی میں کامیاب مذاکرات کئے۔ پنجاب حکومت کو اس حوالے سے جو بھی احکامات دیئے جائیں گے حکومت ان کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بننے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جا سکتی۔ رولز آف لاء اور آئین کی پاسداری اور پابندی ہر شہری پر لازم ہے۔ کسی فرد یا گروہ کو حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ دونوں جانب سے نقصان قابل افسوس ہے۔ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں