وزیر داخلہ سے استعفے کا مطالبہ، وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کو پیغام پہنچا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، جس میں شیخ رشید نے وزیراعظم کو مذہبی جماعت سےہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا ، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات کی کامیابی پر وفاقی وزیر داخلہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین کام کیا اور معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوگئے ، اس لیے لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں اور اپنا کام جاری رکھیں۔قبل ازیں مذاکرات میں معاملاے طے پائے جانے کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کا اسلامو فوبیا پر لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر دوبارہ شیئر کردیا گیا ، وزیر اعظم عمران خان کا خط وزیراعظم کے آفیشل فیس بک پیج پر دوبارہ شیئرکیا گیا ، جس میں وزیر اعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا تھا ، وزیراعظم عمران خان نے یہ خط 28 اکتوبر 2020ء کو مسلم ممالک کے حکمرانوں کو لکھا تھا جس میں ان کی طرف سے اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہو کر لائحہ عمل اپنانے کی بات کی گئی تھی جب کہ وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close