پولیس اہلکاروں کو فرنٹ لائن کورونا ورکرز میں شامل کرنے کی درخواست کر دی گئی

کراچی (آئی این پی ) انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس سندھ مشتاق احمد مہر نے پولیس اہلکاروں کو کورونا کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن ورکرز میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔ آئی جی سندھ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے داخلہ کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس گزشتہ سال فروری سے کورونا وائرس کی سخت ڈیوٹی پر موجود ہے، سڑکوں، آئسولیشن مراکز، سیلڈ علاقوں، قبرستانوں اور بازاروں میں ڈیوٹی دے رہی ہے جبکہ اہلکار قیدیوں کو لانے لے جانے، سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے اور مظاہرین کو کنٹرول کرنے کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں جس کے باعث ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا بڑا خدشہ ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ رواں برس 5 اپریل تک 6 ہزار 366 پولیس اہلکار کورونا وائرس میں مبتلا اور 24 اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ آئی جی سندھ کا کہنا ہے کورونا کی تیسری لہر میں پولیس اہلکاروں میں وائرس بڑھنے اور اموات کا خدشہ ہے لہذا پولیس اہلکاروں کو فرنٹ لائن ورکرز میں شامل کیا جائے تاکہ وہ فوری ویکسی نیشن کے اہل ہو سکیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close