دوستی ہو تو ایسی، مشکل وقت میں چین نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنانے کا اعلان کر دیا، پاکستانی عوام کے نام خصوصی پیغام جاری

پشاور(پی این آئی) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلق بہت جلد بڑی خوشخبری سنیں گے، عوام انتظارکریں سی پیک سے جڑے نئے منصوبے بھی زیرغورہیں، چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی مشکلات پربھی توجہ دی جائے گی۔ وہ آج یہاں سول آفیسرز میس پشاور میں ’پاک چین شجرکاری مہم 2021ء کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔تقریب ’پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن (PCFA)‘ کی خیبرپختونخوا شاخ کے زیراہتمام منعقد ہوئی اُور یہ پہلا موقع تھا جب حال ہی میں تعینات ہونے والے چین کے سفیر نے خیبرپختونخوا کا دورہ کیا۔ اِس موقع پر صوبائی وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان‘ سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان‘ ڈائریکٹر جنرل پشاور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میاں شفیق الرحمن‘ پیٹرون پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن تسلیم حسین‘ صدر ایسوسی ایشن یوسف ایوب کان اُور پاک چین دوستی تنظیم کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔چین کے سفیر نے پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی جانب سے شجرکاری مہم کو سراہا جو چین اُور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے خیبرپختونخوا کے طول و عرض میں جاری ہے۔ شجر کاری مہم کو چین کی حکمراں جماعت ’کیمونسٹ پارٹی‘ کے 100 سال کامیابی سے مکمل ہونے کے حوالے سے بھی خصوصی نسبت دی گئی ہے تاکہ چین کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے لئے کیمونسٹ پارٹی کے کردار اُور کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن‘ خیبرپختونخوا شاخ کے زیراہتمام ’شجرکاری مہم‘ سے صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نونگ رونگ کو خیبرپختونخوا کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا اُور اِس اُمید کا اظہار کیا کہ نونگ رونگ پاکستان میں اپنی سفارتی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی و دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرائی اُور وسعت دیں گے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل میں تیزی آئے گی۔نیوز ایجنسی کے مطابق اکبر ایوب خان نے اپنے والد صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان کی اُن خدمات کا بھی ذکر کیا جو اُنہوں نے پاک چین دوستی اُور تعلقات میں بہتری کے سرانجام دیں۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب خان نے پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن (خیبرپختونخوا شاخ) کے کردار کو بھی سراہا۔ جس کی وجہ پاکستان اُور چین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔اُنہوں نے دوستی کی انجمن کے ذریعے عوام سے عوام کے تعلق کو مزید مضبوط بنانے اُور چین کی اقتصادی و دیگر شعبوں میں ترقی کو پاکستان میں متعارف کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے ’پاک چائنا فرینڈشپ شجر کاری مہم 2021ء‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اُور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی شجرکاری مہمات کے ذریعے ماحول دوست عملی اقدامات کر رہے ہیں اُور یہ شجرکاری مہم حکومت کی کوششوں کا آئینہ دار بھی ہے۔چینی سفیر کا خیبرپختونخوا میں خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر یوسف ایوب خان نے 1960ء کی دہائی سے پاک چین تعلقات میں مضبوطی کے دور کا حوالہ دیا جس میں اُن کے خاندان کا خصوصی کردار رہا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ وقت پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے اُور دونوں ممالک کے لئے ایک دوسرے کے وسائل و تجربے سے فائدہ اُٹھانے کا ہے بالخصوص کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لئے چین نے جس انداز میں اقدامات کئے اُس سے پاکستان بھی بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔اِس موقع پر پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سیّد علی نواز گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے دوستی کی انجمن کا تعارف پیش کیا اُور کہا کہ 1970ء میں ’پاک چین سٹوڈنٹس فرینڈشپ ایسوسی ایشن‘ کے قیام سے آغاز ہونے والا دوستی کا سفر جاری ہے جس نے کامیابی کے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔ اُنہوں نے پشاور کو چین کے شہر اُورمچی اُور ایبٹ آباد کو چین کے شہر کاشغر سے جڑواں شہر قرار دیئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بالترتیب 1985ء اُور 2007ء میں ہوئی اِس پیشرفت سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔سیّد علی نواز گیلانی نے چین کے سفارتخانے کی جانب سے پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے مضمون نویسی کے مقابلے کے انعقاد کو بھی سراہا جو 5 اپریل سے 5مئی 2021ء تک جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close