لاہور(پی این آئی) تحریک انصاف کے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب نے ٹی ایل پی پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کریں اور مسئلہ حل کریں، معاملہ حل نہ ہوا تو لاہور کا بڑا گروپ پارٹی چھوڑ دے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب نذیر چوہان نے بھی ٹی ایل پی پر پابندیوں کی مخالف کردی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ ٹی ایل پی پر پابندی ختم کی جائے۔ وزیراعظم خودٹی ایل پی وفد سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل کا حل نکالیں۔وزیراعظم ٹی ایل پی کارکنان کی فوری رہا ئی کا حکم دیں۔ وزیراعظم نے معاملہ حل نہ کیا تو پی ٹی آئی لاہور کا بڑا گروپ پارٹی چھوڑ دے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو مذہبی معاملات پر سخت بیان بازی سے روک دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں امن وامان،سیاسی امور اور مہنگائی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔تحفظ ناموس ﷺ کے مسئلے پر مسلم امہ کے ساتھ مل کرعالمی مہم چلا رہے ہیں۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو مذہبی معاملات پر سخت بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔ اسی طرح وفاقی وزیر برائے مذہبی نور الحق قادری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے مختصر انداز میں پالیسی بیان دے دیا ہے۔ کوئی بھی جمہوری حکومت سانحہ یتیم خانہ چوک کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ حکومت نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران اس معاملے کو مذاکرات اور منت سماجت کے ذریعے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ہم نے معاملے کو بہتری کے ساتھ سلجھانے کے لیے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوششیں کیں۔ ہم نے مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا ہوا تھا اور وہ یہ تھا کہ معاہدے کی رو سے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے کے پابند ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں