وزیر خزانہ بنتے ہی شوکت ترین نے ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کا حل بھی بتا دیا، وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات

اسلام آباد(آن لائن )وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں ماہر معاشیات اور مالیاتی امور کے ماہرین، وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات دو روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں ملکی معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کیے۔ شوکت ترین کے نجی ٹی وی چینل پر حکومت کی معاشی صورتحال پر کیے گئے تبصرے پر بھی سوال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شوکت ترین نے کہا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں، کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورت حال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جا سکی، معاشی صورت حال پر گفتگو میں ماضی کی حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، وہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ 49 سالہ معاشی تجربے کی بنیاد پرکہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف 1 ہی حل ہے کہ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close