رحمت اللعالمین اسکالرشپ کے لیے طلبہ درخواست کیسے دے سکتے ہیں؟ جانیئے

لاہور(آئی این پی ) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کے لیے رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ کے حوالے سے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹر میڈیٹ رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی، جب کہ انڈرگریجویٹ رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے وضاحت کی کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی، 50 فی صد رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی۔ انھوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کییجائیں گے، جب کہ مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔ 30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گی، حکومت پنجاب ہر یونی ورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈمک سیشن کی فیس ادا کرے گی، انڈر گریجویٹ اسکالر شپ میں مکمل اکیڈمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس بھی شامل ہوگی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا ہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے جب کہ مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لیے نہیں، ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم اس سے مستفید ہو سکے گا، اس کا مقصد طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم ہو۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close