گجرات میں رام پیاری میوزیم کے قیام کا کام مکمل، نشان حیدر کے پورٹریٹ بھی آویزاں کر دیئ گئے

لاہور (آئی این پی)محکمہ آرکیالوجی کی زیرنگرانی گجرات میں رام پیاری میوزیم کے قیام کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مشیر وزیراعلی برائے سیاحت و آرکیالوجی آصف محمود کل(سوموار 19 اپریل ) افتتاح کریں گے۔ یہ دیدہ زیب عمارت ہندو کنٹریکٹر سندر داس چوپڑہ نے اہلیہ رام پیاری کے نام پر بنوائی تھی۔ مشیر وزیراعلی آصف محمود نے بتایا کہ 1918 میں تعمیر شدہ رام پیاری بلڈنگ فن تعمیر کا اعلی نمونہ ہے تاہم اسے طویل عرصے تک گرلز سکول اور ہاسٹل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ آصف محمود نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سیکرٹری محکمہ آرکیالوجی اور دیگر سٹاف نے میوزیم کی تیاری میں محنت سے کام کیا۔سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے بتایا کہ 2017 میں رام پیاری بلڈنگ محکمہ آرکیالوجی کے سپرد کی گئی جس کے بعد اس تاریخی عمارت کو میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیالوجی حسن اقبال کی نگرانی میں رام پیاری میوزیم کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی تزئین نو کا کام مکمل کیا گیا۔ رام پیاری میوزیم کے بالائی حصے میں 3 گیلریاں بنائی گئیں، سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی نے کہا کہ گجرات نشان حیدر پانے والوں، فنکاروں، شاعروں اور ادیبوں کی سرزمین ہے۔ میوزیم میں گجرات کے نشان حیدر پانے والے تینوں شہدا کے پورٹریٹ آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ میجر عزیز بھٹی شہید، میجر شبیر شریف شہید اور میجر اکرم شہید کے پورٹریٹ بریگیڈئیر احسن نے گفٹ کئے ہیں۔ رام پیاری میوزیم گجرات کے شہریوں کے لئے ایک تحفہ ہوگا۔ احسان بھٹہ نے بتایا کہ میوزیم میں ایک گیلری بچوں اور طلبا کی دلچسپی کی حامل معلومات کیلئے مخصوص کی گئی ہے۔ رام پیاری عمارت میں رات کو لائٹنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا اور اب یہ عمارت رات کو روشنیوں سے منور نظر آتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نے عمارت کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر تاریخی عمارات کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ رام پیاری میوزیم کا قیام اسی پالیسی کے نتیجے میں عمل میں آیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close