اب مزید چھٹیاں نہیں دے سکتے، حکومت نے سکول کھولنے کا فیصلہ سنا دیا

لاہور(پی این آئی)صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے 19 اپریل سے اسکول کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 اپریل سے نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا۔سرکاری اور نجی تعلیمی

اداروں میں نہم دہم اور انٹرمیڈیٹ کے دو روزہ کلاسز ہوگی۔پیر اور جمعرات کو کلاسز لگانے کی اجازت ہوگی۔لاہور سمیت تیرہ اضلاع میں کلاسز لگائی جا سکیں گی۔دیگر اضلاع میں راولپنڈی، فیصل آباد، شیخوپورہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔اس سے قبل بین الصوبائی تعلیمی وزرا کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کیے گئے اہم فیصلوں کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اگلے ہفتے سے محدود پیمانے پر تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ اسکول و کالجز کو 19 اپریل سے تعلیمی سلسلہ بحال کرنے کی اجازت ہوگی۔ 19 ‏اپریل سےنویں سے بارہویں تک کلاسز میں تدریسی عمل دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کےامتحانات18مئی سے شروع ہوں گے۔ اس کے علاوہ ‏پہلی سےچوتھی جبکہ چھٹی اورساتویں جماعت کےامتحانات یکم جون سے ہوں گے۔‏ نوٹیفکیشن کے مطابق پریپ سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل تک بند رہیں گی۔ جن کلاسز میں تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگا، ان کلاسز کے بچے متبادل دنوں پر حاضر ہوں گے، ایس اوپیزکاخیال رکھا ‏جائے گا، اسکولوں اورکالجز کی ٹرانسپورٹ کھلی رہےگی۔واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آنے کی وجہ سے گزشتہ ماہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ابتدائی طور پر کرونا کی تیسری لہر سے سب سے زیاہد متاثر ہونے والے اضلاع میں اپریل کے آغاز تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 6 اپریل کو ہوئے اجلاس میں کرونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے اٹھویں جماعت تک تعلیمی ادارے 28 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں