وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے، کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا ترجمان سندھ حکومت کی نیوز کانفرنس

کراچی(آئی این پی ) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے، کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا، ان سے تو ماضی کے منصوبے مکمل نہیں ہو رہے۔ مرتضی وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال رمضان المبارک میں وزیراعظم کی سندھ میں دلچسپی ہو جاتی ہے، یہ رمضان میں کراچی آتے ہیں اور اپنے ہسپتال کیلئے چندہ مانگ کر چلے جاتے ہیں، آج بھی

گورنر ہاس میں تقریب ہوگی، شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کر کے چلے جائیں گے، عمران خان دنیا کے پہلے لیڈر ہیں جو حکومت میں ہوتے ہوئے دینے کی بجائے لے رہے ہیں۔ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو جب کورونا ہوا تو ہم نے ان کی صحتیابی کیلئے دعائیں کیں، گورنر ہاوس میں ایک تقریب ہوئی جس میں سب ماسک کے بغیر ساتھ ساتھ بیٹھے تھے، اگر آپ کو اسی طرح کے اجتماعات اور جلسے کرنے ہیں تو اتنی ویکسین منگوا لیں جو پوری عوام کو لگا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائے، ہم نے احتیاط نہ کی تو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، ماسک لازمی پہنیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close