لاہور(پی این آئی) پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری مظاہروں کے باعث اہم فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے احکامات پر پنجاب پولیس کے تمام اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں فوری منسوخ کر
دی گئی ہیں۔ حکم جاری کیا گیا ہے کہ جب تک حالات قابو میں نہیں آ جاتے، تب تک ہفتہ وار تعطیل بھی منسوخ رہے گی۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور کے بعد مختلف اضلاع میں رینجرز طلب کرلی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد رینجزر کی خدمات لینے کیلئے وفاقی حکومت کو خط ارسال کردیا ہے۔ خط میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں رینجرز تعینات کرنے کیلئے خدمات مانگی گئی ہیں۔اسی طرح وفاقی وزیر فواد چودھری کا کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے امن وامان کی خاطر لاہور کے بعد مختلف اضلاع راولپنڈی، گوجرانوالہ، جہلم ، ملتان اور بہاولپور رینجرزتعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راستے بند کرنے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں