پی آئی اے نے ایک اور خلیجی ملک کیلئے براہِ راست پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) خلیجی ریاست بحرین میں لاکھوں پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔ جو باعزت روزگار کما کر جہاں ایک طرف اپنے گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں، وہیں کثیر زرمبادلہ بھی پاکستان بھجوا کر یہاں کی ڈانواں ڈول معیشت کو بڑا سہارا دے رے ہیں۔ ہر سال

ہزاروں پاکستانی بحرین کا سفر کرتے ہیں اور وہاں سے پاکستان آتے ہیں۔پاکستان کی قومی ایئر لائنز پی آئی اے نے بحرین کے حوالے سے اچھی خبر سُنا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے بحرین کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس سے بحرین کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔بحرین کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کا آغاز 7 مئی 2021ء سے ہو جائے گا۔ اسلام آباد اور لاہور کے ایئرپورٹس سے بحرین کے لیے ہفتے اور اتوار کے روز پروازیں روانہ ہوں گی۔ اس نئے فلائٹ آپریشن سے مسافروں کو بڑی سہولت ملے گی، ساتھ ساتھ پی آئی اے کو بھی سالانہ ریونیو کی مد میں بڑی آمدنی ہو گی۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے اب سعودی شہروں طائف اور ابہا کے لیے بھی انٹرنیشنل پروازیں شروع کی جائیں گی۔ترجمان پی آئی کے مطابق گزشتہ سال سعودی حکومت نے القصیم ایئرپورٹ کے لیے اسلام آباد اور لاہور سے پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی، تاہم کورونا وبا کے باعث فلائٹ آپریشنز پر عارضی پابندیوں کے باعث فی الحال ان پروازوں کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے سعودی سول ایوی ایشن سے طائف اور ابہا کے لیے بھی پروازوں کی اجازت مانگ لی ہے۔اجازت ملنے کے بعد عنقریب لاہور اور اسلام آباد سے طائف کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔پی آئی اے ابہا کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ کرے گی۔ اس طرح مزید دوسعودی شہروں تک پاکستانی مسافروں کی براہِ راست رسائی ہو جائے گی ۔ اگرطائف کے لیے پروازیں شروع ہو گئیں تو یہ پی آئی اے کاساتواں اسٹیشن ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close