فیصل جاوید نےرمضان سے قبل 2خوشخبریاں سنا دیں

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی ڈرامے کو ترک زبان میں ترجمہ کرکے ترکی میں نشر کیا جائے گا۔فیصل جاوید خان نے مذکورہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں کیا۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے پی ٹی وی پر رمضان کے دوران ارطغرل غازی نشر ہونے کا وقت بتاتے ہوئے لکھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن رمضان کے مہینے میں روزانہ شام 7 بج کر 45 منٹ پر ارطغرل کی نئی اقساط نشر کریگا۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ارطغرل سیریز ثقافت اور اسلام کی ایک عمدہ عکاسی ہے یہ ترکی کی تاریخ کا ایک حیرت انگیز سفر ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے علیحدہ ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ جلد ایک بڑی خبر آرہی ہے کہ پاکستانی پروڈکشن کو ترک زبان میں ترجمہ کرکے ترک میں نشر کیا جائے گا۔انہوں نے لکھا کہ یہ پاکستانی اور ترک انٹرٹینمنٹ انڈسٹریز کے مابین علم، خیالات، ٹیلنٹ اور مواد کے دو طرفہ تبادلے کے تحت کیا جائے گا تاہم سینیٹر فیصل جاوید خان نے ترکی میں نشر ہونے والے ممکنہ ڈرامے کا نام اور اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔خیال رہے کہ نومبر 2020 میں اداکار عدنان صدیقی نے پاکستانی فلم پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری اور ترکی کے تکدن فلم کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کمال تکدن کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے پروڈیوسرز نے مشترکہ منصوبے پر کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔بعد ازاں جنوری 2021 میں کمال تکدن پی ٹی وی پر اردو میں چلنے والے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کے اداکاروں کے ساتھ پاکستانی دورے پر آئے تھے تو انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کی تھی۔ترک وفد کی حکومت پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کروانے میں عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید نے اہم کردار ادا کیا تھا اور ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا تھا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ معاہدے سے متعلق معاہدہ کرلیا۔اس دوران پاکستان اور ترکی کی جانب سے مشترکہ طور پر بنائے جانے والی ممکنہ ٹی وی سیریل ‘ترک لالا’ پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی اور وزیر اعظم کو مذکورہ منصوبے سے متعلق آگاہی دی گئی تھی۔بعدازاں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر ترک لالاکے تین سیزن بنائے جائیں گے اور ہر سیزن میں 30 قسطیں شامل ہوں گی۔ہمایوں سعید نے اْمید کا اظہار کیا تھا کہ ترک لالا کا پہلا سیزن 2023 تک ایسے موقع پر ریلیز کیا جائے گا جب کہ ترکی میں جمہوریت کے 100 سال مکمل ہوجائیں گے۔دونوں اداکاروں نے کہا تھا کہ ترک لالا کی شوٹنگ پاکستان اور ترکی سمیت دیگر ممالک میں بھی کی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close