لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان مافیا کے خلاف نہیں پاکستان اور عوام کیخلاف لڑ رہے ہیں، ملک کے مستقبل اور سی پیک کے ساتھ لڑائی کر رہے ہیں، نالائقوں کا مافیا ملک میں برسراقتدار ہے، جس سے معیشت اورخارجہ پالیسی، تباہ ہو چکی، مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ،حکومت بجلی کے نرخوں میں 4روپے اضافہ کرنے جا رہی ہے، جس سے گرمیوں میں لوگوں کی
چیخیں نکل جائیں گی، حکومت تین وزیر خزانہ تبدیل کر چکی اور اشتہار لگایا ہوا ہے کہ ضرورت برائے وزیر خزانہ اور پارٹ ٹائم سے کام چلا رہے ہیں،الزام پچھلی حکومتوں پر لگایا جاتا ہے اور حکومت چلانا موجودہ حکومت کو نہیں آتا ، ٹیم ان کے پاس نہیں ہے اور معلوم ہی نہیں ہے کہ ملک کیسے چلتا ہے،آج ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ ہفتہ کو سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سپریم کورٹ فیصلے کی حکم عدولی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جمعہ کو لاہور میں کہا کہ وہ مافیا سے لڑ رہے ہیں لیکن حقیقت میں ان کی لڑائی مافیا سے نہیں پاکستان سے ہے، عوام کے ساتھ ہے اور پاکستان کے مستقبل ، ترقی اور سی پیک سے ہے، پاکستان کے مستقبل کو تباہ کرنے کا یہ نتیجہ ہے کہ ملک کو بدترین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، آئی ایم ایف کو حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2026تک پاکستان کے دفاعی اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ اب یہ بجٹ2017-18 کے مقابل میں آدھا ہو چکا ہے، دفاعی بجٹ میں بڑی حد تک کٹوتی ہو چکی ہے اور دوسری طرف دشمن ملک اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی جنگ پاکستان کی ترقی کے ساتھ ہے اور سب سے بڑا مافیا عمران خان خود ہے، نالائقوں کے مافیا کا سردار ہے، نالائقوں کا مافیا ملک میں برسراقتدار ہے، جس سے معیشت تباہ ہو چکی ہے، خارجہ پالیسی، تباہ ہو چکی ہے اور مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، اب بجلی کے نرخوں میں 4روپے اضافہ کرنے جا رہی ہے، جس سے گرمیوں میں لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی، لوگ گرمی میں جھلسنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت رکھنے والے ملک میں تین سال بعد بھی حکومت پارٹ ٹائم وزیرخزانہ کے ساتھ چل رہی ہے، تین وزیر خزانہ تبدیل کر چکے ہیں اور
اشتہار لگایا ہوا ہے کہ ضرورت برائے وزیر خزانہ اور پارٹ ٹائم سے کام چلا رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ الزام پچھلی حکومتوں پر لگایا جاتا ہے اور حکومت چلانا موجودہ حکومت کو نہیں آتا ، ٹیم ان کے پاس نہیں ہے اور معلوم ہی نہیں ہے کہ ملک کیسے چلتا ہے،آج ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں