پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص6286بستروں میں سے 4075خالی اعداد وشمار جاری

لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی ہدایت پر محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے دستیاب وسائل کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان نے بتایا ہے کہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے کورونا وائرس کے متاثرہ 173028 مریض صحت یاب ہو کر

اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیںجبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 737کورونا وائرس سے متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے 6286بستروں میں سے 4075خالی ہیں۔لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے 1568بستروں میں سے793 خالی ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے آئیسولیشن وارڈز میں مختص کئے گئے 2973بستروں میں سے 2317خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آئیسولیشن وارڈز میں کورونا وائر س کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے 475بستروں میں سے 339خالی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے HDUsمیں مختص کئے گئے 2671بستروں میں سے 1451خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے HDUs میں مختص کئے گئے 855بستروں میں سے 399خالی ہیں۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے 637وینٹی لیٹرز میں سے 307خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے 239وینٹی لیٹرز میں سے 55خالی ہیں۔۔۔۔۔

ڈسکہ حلقہ میں 21 فیصد کورونا پھیل چکا ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کو چیلنج دے دیا

لاہور (آن لائن)معاون خصوصی برائے اطلاعات وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے پنجاب حکومت نے پلان مرتب کر لیا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران نے اپنے ایک روزہ دورہ لاہور میں عوامی مفادات پر مبنی منصوبوں کے بارے بریفنگ لی ۔وزیراعظم نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی ترجیحات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور مثبت تجاویز دیں۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ صوبائی وزیر خوراک اور چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو صوبے میں اشیائے خورونوش کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ گندم,آٹا,چینی,دالیں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت جنوبی پنجاب کے حوالے سے بڑے فیصلے کیے گئے جو وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت جلد قوم کے سامنے رکھیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ حلقہ میں 21 فیصد کورونا پھیل چکا ہے،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتخاب کا انعقاد ممکن بنانا الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ممکن بنایا,شفاف انتخاب کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات بھی لی گئی ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگی امیدوار کا رونا دھونا سمجھ سے بالاتر ہے۔پنجاب حکومت ہرطرح کی سہولت کاری کر رہی ہے اب ہم لوگوں سے زبردستی ووٹ تو ن لیگ کیلئے نہیں ڈلوا سکتے۔ن لیگی امیدوار نے فائرنگ اور مختلف حیلے بہانوں سے رونے دھونے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔حلقہ کی عوام فیصلہ کرے گی کہ پی ٹی آئی کا امیدوار ان کیلئے 1 ارب کا ترقیاتی پیکج علاقے کیلئے لیکر آئے گا دوسری طرف ن لیگی امیدوار جانشینی،گدی نشینی اور منشیات فروشی کا تحفہ دے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈسکہ کی عوام باشعور ہے وہ سوچ سمجھ کر ووٹ کا فیصلہ کریں گے اور اپنا ووٹ پی ٹی آئی کے امیدوار کے پلڑے میں ڈالیں گے۔اس موقع پر سینئر وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں رمضان پیکج کی تیاری کر لی ہے۔ کل سے صوبے بھر میں گندم خریداری کے مراکز پر کام شروع ہو رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسانوں کو 400روپے فی من اضافے کے ساتھ 1800روپے کی ریکارڈ قیمت دینگے۔ وزیر اعظم عمران خان اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے جائزے کیلئے ہر ہفتے اجلاس طلب کرتے ہیں۔ پنجاب میں سارا سال آٹے کا تھیلا 860روپے میں دستیاب رہا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کا تھیلا375روپے کے رعائتی نرخوں پر دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں آٹے و چینی کے علاوہ دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء پر بھی 25فیصد تک رعائیت ہوگی۔رمضان بازاروں کو بعد میں سہولت بازاروں میں تبدیل کر دینگے، سبسڈی جاری رہے گی۔ رمضان میں 20روپے کی رعائیت کے ساتھ چینی 65 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔پنجاب میں آٹے کا تھیلا 860روپے کا تھا وہی سندھ میں 1200سے1400روپے تک فروخت ہوا۔ سندھ حکومت پنجاب کی طرح کاشتکاروں کیلئے سبسڈی کا فیصلہ کرے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب سندھ اور کے پی کے میں گندم و آٹے کی قیمت یکساں ہونی چاہیے۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close