وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا وباء سے متعلق اہم اجلاس

پشاور( آ ئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا وباء سے متعلق اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح اور کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے سرکاری ہسپتالوں کی استعداد کارکے علاوہ صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فی الوقت بڑے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے

آکسیجن کی کمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے ، ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور جہاں جہاں ضرورت ہو وہاں پر آکسیجن کی بروقت فراہمی کیلئے فوری طو ر پر ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں بعض اضلاع میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہو ئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس وباء کے مزید پھیلائو کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کورونا کی حالیہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا ایس او پیز اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کے سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور خصوصاً فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے کہاکہ موجودہ مشکل صورتحال سے نمٹنے اور کورونا کے مزید پھیلائو کو روکنے کیلئے عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہاںایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے ۔ اجلاس کوصوبے کے بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آکسیجن کی استعداد 13,000 لیٹر ہے جس میں مزید 6,000 لیٹر کا اضافہ کیا جار ہا ہے ۔ اسی طرح لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آکسیجن کی استعداد 17,000 لیٹرہے جس میں مزید 8,000 لیٹر کا اضافہ کیا جار ہا ہے ۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی استعداد 10,000 لیٹر ہے جس میں مزید 5,000لیٹر کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ مردان میڈیکل کمپلیکس میں آکسیجن کی استعداد 3300 لیٹر ہے جس میں مزید 5,000 لیٹر کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں آکسیجن کی استعداد 15,000 لیٹر ہے جس میں مزید 1,000لیٹر کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ اجلاس کو آگا ہ کیا گیا کہ

کورونا کی حالیہ لہر کے دوران صوبے کے ہسپتالوں خصوصاً دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے بیڈز کی استعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور مزید اضافہ کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ چند ہفتوں میں صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں 29 آئی سی یو بیڈز ، 257 ایچ ڈی یو بیڈز اور272 لو فلو بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ بڑے ہسپتالوں میں مزید 116 آئی سی یو بیڈز، 398 ایچ ڈی یو بیڈز اور 840 لو فلو بیڈز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 15.4 فیصد ہے ۔صوبے میں کورونا کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا کی ٹیسٹنگ کی روزانہ تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور یومیہ 8,000 سے زائد ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ اجلاس کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بونیر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیسز کی شرح 26 فیصد رہی ہے جبکہ پشاور میں 23 فیصد نوشہرہ میں 20 فیصد ، مردان میں 21 فیصد اور بونیر میں 25 فیصد رہی ہے ۔اجلاس میں کورونا ایس اوپیزپر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اگلے چند دنوں میں صوبائی ٹاسک فور س برائے انسداد کورونا کے خصوصی اجلاس کے علاوہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا نفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر مستقبل میں ہسپتالوں میں آکسیجن کی ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آکسیجن پلانٹ لگانے کا بھی اُصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے علاوہ محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں