اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے گریڈ ایک تا 16 کی سینکڑوں آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آسامیاں ختم ہونے سے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہوگی، کابینہ کمیٹی کا فیصلہ تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گریڈ ایک
سے 16 کی سینکڑوں آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزارت خزانہ کی وفاقی حکومت کی تنظیم نو سے متعلق سمری پر فیصلہ کیا گیا۔ ختم کی جانے والی آسامیوں میں ٹرانسفر، پوسٹنگ اور ترقی کے باعث خالی آسامیاں شامل نہیں ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ان آسامیوں میں صحت، تعلیم اور پولیس کی گریڈ ایک سے 16 کی آسامیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ کابینہ کمیٹی نے اخراجات میں کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کیلئے آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔آسامیاں ختم ہونے سے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ کابینہ کمیٹی نے وزارتوں کو ایک ماہ میں خالی آسامیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کابینہ کمیٹی کا فیصلہ تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ارسال کردیا ہے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں کا مہنگائی بے روزگاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت اگر اسی طرح ملازمتوں کے مواقعوں کو محدود کرتی گئی، اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا رہا، تو لوگوں کیلئے ایک وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوجائے گا، حکومت عوام کو روزگار مہنگائی میں ریلیف دینے اور سہولیات دینے کی بجائے عوام کو مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔مزید برآں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی رپورٹ کے مطابق رواں برس کے دوران پاکستان میں بیروزگاری مزید بڑھے گی، رواں سال پاکستان کی ترقی کی شرح منفی اعشاریہ4 رہنے کا امکان ہے، مہنگائی10فیصد سے زیادہ رہے گی۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت سے متعلق ورلڈ اکنامک آوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگلے سال ملکی معیشت میں بہتری کی توقع ہے۔پاکستان میں اس سال جی ڈی پی گروتھ منفی اعشاریہ4 رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان کی2021 میں شرح نمو ڈیڑھ فیصد رہنے کا امکان ہے۔ 2022 میں پاکستان کی ترقی کی شرح 4 فیصد رہے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں اس سال بھی مہنگائی10فیصد سے زیادہ رہے گی۔ اگلے سال پاکستان میں مہنگائی کم ہوگی، جو کہ شرح8 اعشاریہ7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ 2022 میں مہنگائی کی شرح8 فیصد رہے گی۔ اسی طرح پاکستان میں بےروزگاری بڑھنے کا بھی امکان ہے۔ تاہم رواں سال پاکستان میں بےروزگاری کی شرح ساڑھے4 فیصد رہے گی۔ 2021 میں پاکستان میں بےروزگاری کی شرح 5 فیصد ہوجائے گی۔ 2022 میں پاکستان میں بےروزگاری کی شرح4 اعشاریہ8 فیصد رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں