میرے خلاف اگر مقدمات ختم نہ کیے گئے تو میں آپ کے خلاف اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کروں گا، جہانگیر ترین کی جانب سے وزیراعظم کو دھمکی دینے کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی)نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار طاہر ملک نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے وزیراعظم عمران خان کو دھمکی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی طاہر ملک نے کہا کہ

وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے عمران خان کو دھمکی دی ہے کہ میرے خلاف اگر مقدمات ختم نہ کیے گئے تو میں آپ کے خلاف اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کروں گا۔ طاہر ملک نے کہا کہ جہانگیر ترین نے وزیراعظم عمران خان کو بڑے میٹھے انداز میں دھمکی دی ہے۔ دوسری جانب سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے دوران ایک اہم وفاقی وزیر نے ساتھ جانے کا اصرار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک اہم وفاقی وزیر سمیت، پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز نے جہانگیر ترین کی پیشی کے موقع پر ساتھ جانے کا اصرار کیا۔تاہم جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے تینوں اراکین کو ساتھ لے جانے سے انکار کر دیا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جانے کے خواہشمند وفاقی وزیر اور ایم پی ایز عمران خان کے بھی کافی قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ وفاقی وزیر نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کا وقت لے رکھا تھا اور انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کر نی تھی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شوگر سٹہ مافیا میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاون کا حکم دیا ہے، اس کریک ڈاون میں جہانگیر ترین بھی نشانے پر آ گئے ہیں اور اُن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جہانگیر ترین کا شمار عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ لیکن وزیراعظم عمران خان نے با امتیاز انصاف کرنے کے اپنے نعرے پر عمل کرتے ہوئے جہانگیر ترین کے خلاف بھی ایکشن لے لیا ہے۔

close