خبردار، فوج یا فوجی کو بدنام کرنا قابل سزا جرم ہو گا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے مسودہ قانون کی منظوری دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے فوج کو بدنام کرنے والے افراد کے حوالے سے مسودہ قانون کی منظوری دے دی ہے۔قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن امجد علی خان نے گزشتہ برس “کریمنل لا ایکٹ بل 2020” پیش کیا تھا

جس کو اب منظور کرلیا گیا ہے۔اس بل کے تحت مسلح افواج یا ان کے کسی رکن کو بدنام کرنے والے شخص کو دو سال قید یا پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔ جب اس بل پر ووٹنگ ہوئی تو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اس کی مخالفت کی جس پر ووٹ برابر ہوگئے۔ اس کے بعد چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ راجہ خرم نواز نے اپنا ووٹ کا حق استعمال کیا جس کے بعد یہ مسودہ قانون منظور ہوگیا۔بل کے ذریعے تعزیرات پاکستان کے سیکشن 500 میں ایک اور شق کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ جو کوئی بھی جان بوجھ کر پاکستان کی مسلح افواج یا ان کے کسی رکن کا تمسخر اڑاتا ہے، عزت کو گزند پہنچاتا ہے یا بدنام کرتا ہے وہ ایسے جرم کا قصوروار ہو گا جس کے لیے دو سال تک قید کی سزا یا پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close