جہانگیر ترین اوربیٹا علی ترین عدالت میں پیش ضمانت میں توسیع کر دی گئی

لاہور (آئی این پی ) بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں10 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔ بدھ کو بینکنگ کورٹ نے شوگر ملز میں جعلی بینک اکاونٹس کے معاملے پر کیس کی سماعت کی جس میں جہانگیر ترین اور علی ترین عدالت میں پیش ہوئے ۔ شوگر ملز میں جعلی بینک اکاونٹس کے معاملے میں بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کر دی۔

عدالت نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت پیشی کے دوران جہانگیر ترین اور علی ترین کے ہمراہ ارکان اسمبلی چوہدری افتخار گوندل ،اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، امیر محمد خان، غلام بی بی بھروانہ ،راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ ، نذیر بلوچ اور خرم لغاری بھی موجود تھے۔۔۔۔۔

پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین کا دھڑا سامنے آ گیاعمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، راجہ ریاض پھٹ پڑے

لاہور (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا، عمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اردگر بیٹھے لوگ خرابیاں پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم اپنے اچھے دوست کو نہ کھوئیں۔بینکنگ کورٹ لاہور میں جہانگیر ترین کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے فیصل آباد سے رہنما راجہ ریاض نے بتایا کہ عمران خان کے ارد گرد کے لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں جس کا وزیر اعظم کو ایکشن لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں جہانگیر ترین پیش پیش تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہانگیر ترین جیسے وفادار پارٹی رہنما کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اسے فورا بند کیا جائے۔ راجا ریاض نے واضح کیا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ دراصل پارٹی کے مجموعی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل حقیقت میں جو سیاسی نقصان ہورہا ہے وہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں