پی ڈی ایم کو ڈرامہ” میرے پاس تم ہو” جیسی صورتحال قرار دے دیا گیا، تفصیل جانیئے

راولپنڈی (آئی این پی)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اتحاد سے عوامی نیشنل پارٹی کے خروج پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی صورتحال اس وقت مشہور ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو” کے ہیرو دانش کے آخری آٹھ دس سینز جیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1992 میں نواز شریف نے ایک آئینی ترمیم کے تحت خود کو امیر المومنین کہلائے جانے اور آئین میں ترمیم کے لیے بے

شمار اختیارات اپنے عہدے کے حوالے کرنے کی کوشش کی تھی۔ بیگم صفدر اعوان نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسی آمرانہ طریقے سے پی ڈی ایم کو گھر کی باندی بنا کر چلانے کو کوشش کی جو پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو گوارا نہ ہوا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ صرف مولانا فضل الرحمان نے جلد از جلد پیسے بٹورنے کی خاطر ن لیگ کی ہر بات مانی۔ اب اے این پی اور پیپلز پارٹی کے جانے کے بعد پی ڈی ایم کا کھیل ختم ہوا چاہتا ہے۔ وزیر جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے اپنی بیماری اور علاج کے بہانے گزشتہ دس دن میں ملک سے باہر جانے کے لیے پوری رعایت لینے کی کوشش کی ہے لیکن بے سود رہیں۔ انہوں نے جاوید لطیف کی جانب سے نواز شریف کے وطن واپسی کے دعوے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں نواز شریف وطن واپس آئیں اور قوم کی لوٹی گئی کرپشن کا حساب دیں۔ اس سے قبل پنجاب کی جیلوں میں کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو مراسلہ جاری کیا جسمیں انہوں نے پنجاب کی جیلوں میں پچاس سال سے زیادہ عمر کے قیدیوں، جیل ملازمین اور ان کے خاندانوں کو کرونا ویکسی نیشن لگوانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جیل قیدیوں اور ملازمین کی بہتر نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close