پشاور(آئی این پی) خیبر پختون خوا کے دارالحکومت کے بڑے ہسپتالوں پر کورونا میں مبتلا مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک ہو گئی ۔محکمہ صحت کے پی سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں گزشتہ ایک ہفتے میں شدت آگئی ہے، صوبے میں ایک ہفتے (27 مارچ سے 4 اپریل تک) میں کرونا وائرس کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں صوبے میں
160 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 7 ہزار 772 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، کرونا وائرس وبا میں پہلی بار گزشتہ دن کے پی میں ریکارڈ 35 افراد وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔کرونا وائرس کے کیسز میں پشاور ڈویژن پہلے نمبر پر ہے، پشاور میں ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے 99 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جب کہ 3 ہزار 21 افراد ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پشاور کے بڑے اسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص وارڈز بھر گئے ہیں، صوبے کے سب سے بڑے اسپتال ایل آر ایچ نے او پی ڈی سروس بند کر دی ہے، اسپتال میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروس فراہم کی جا رہی ہے، کرونا وائرس بے قابو ہونے پر ایل آر ایچ نے 500 بیڈز پر مشتمل نئے تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔پشاور کے 3 بڑے اسپتالوں میں کرونا مریضوں کا بوجھ بڑھنے سے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پشاور کے تین بڑے اسپتالوں کے ترجمانوں کے مطابق مجموعی طور پر 476 کرونا سے متاثرہ مریض داخل ہیں۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 457 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار 423 تک پہنچ گئی ہے۔کرونا وائرس کیسز میں اب تک پشاور ڈویژن 46 ہزار 614 مثبت کیسز، 1 ہزار 16 اموات کے ساتھ پہلے نمبر پر، ملاکنڈ ڈویژن 17 ہزار 564 مثبت کیسز اور 328 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ ہزارہ ڈویژن تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 11 ہزار 128 مثبت کیسز اور 273 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔شمالی وزیرستان خیبر پختون خوا کا واحد ضلع ہے جہاں کرونا کی تیسری لہر کے دوران اب تک کوئی مثبت کیسز رپورٹ نہیں ہوا، کرونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران وہاں سے 187 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ملک
میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے شخص کا تعلق مردان سے تھا، مثبت کیسز اور اموات میں مردان کا نمبر اس وقت چوتھا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 86 ہیں جب کہ مثبت کیسز کی شرح 11 فی صد ہے، صوبے میں اب تک کل 13 لاکھ 89 ہزار 687 ٹسٹ کیے جا چکے ہیں، اور کرونا وائرس سے متاثرہ 78 ہزار 880 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں