چوہدری برادران نے خاموشی سے سیاست کی بڑی وکٹ اڑا لی، نامور خاتون رہنما مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئیں

لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ مہرین ملک آدم نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر

کامل علی آغا بھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے نظریہ پاکستان کو ہمیشہ مقدم سمجھا اور اس پر قائم رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کی اور اس کی سالمیت اور یکجہتی کو ترجیح اول بنائے رکھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مہرین ملک آدم کو پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ آپ کے تجربے اور ملک سے محبت کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی اور ملک کی بہتری کیلئے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات ہماری ترجیح میں شامل ہیں اس کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، آپ کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ کے نظریاتی اور تجربہ کار عہدیدار اور کارکن یقینی طور پر اس سلسلے میں بہتری کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے سینیٹر کامل علی آغا کو ہدایات دیں کہ مہرین ملک آدم سے رابطے میں رہیں اور پارٹی میں ان کی ذمہ داریوں کا تعین کریں۔ مہرین ملک آدم نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اصل مسلم لیگ میں واپس آ گئی ہوں، چودھری برادران کی ملک و قوم کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں، چودھری پرویزالٰہی کی پالیسیاں اور عوامی اقدامات زبان زد عام ہیں، آپ کی ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کی رہنمائی احسن طریقے سے نبھانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور میرا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close