سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی رقم نہیں؟ احتجاج کرنیوالے ملازمین کے حق میں بڑی آواز بلند ہو گئی

کوئٹہ(آن لائن)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکمرانوں کی لوٹ مار جاری مگر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی رقم نہیں ۔جماعت اسلامی ملازمین کے احتجاج کی حمایت اور ان کے جائز حقوق کے حصول کیلئے بھر پور ساتھ دیگی وفاق اور دیگر صوبوں کے ملازمین کی

تنخواہوں میں اضافہ ہوگیا مگر ہمارے حکمران بہانے وٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ملازمین بھی ایمانداری کو اپناشعاربناکر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں ہاتھ بٹا ئیں انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت کا پورا انفرااسڑکچر تباہ ہوچکاہے ،صفائی ستھرائی کا کوئی مؤثر نظام نہیں ہے ،گزشتہ بارشوں کے بعد سے اب تک سڑکوں کی مرمت کا کام نہیں کروایا گیا ہے ،شہری پینے کے صاف پانی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں، اسکول اور کالجز کے طلباء وطالبات سمیت دفاتر میں کام کرنے والو ں کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی جدیدنظام موجود نہیں ہے ، شہری روزانہ پرانی کٹارہ بسوں، رکشوں اوردیگر مہنگے ٹرانسپورٹ کی سفر کرنے پرمجبور ہے صوبائی دارالحکومت میں گرین لائن،جدیدبسوں کاکوئی منصوبہ نہیں بن رہا پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،صفائی ،ٹریفک کے نظام کی درستگی کیلئے کوئی منصوبہ نہیں۔ جماعت اسلامی بلوچستان کو حقوق دو مہم کے سلسلے میں صوبہ بھر میں جدوجہد کر رہی ہے ۔حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگانا اور مسائل کو اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے منتخب نمائندے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں ایک طرف ملازمین ہڑتال پر ہیں تو دوسری طرف ٹریفک جام ،ایک طرف اساتذہ ہڑتال پر ہیں تو دوسری جانب حکمران غافل ۔سیاسی جماعتیں حکومت پر دبائوڈال لیں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہوجائیں اور ملازمین پرعوامی مسائل ،دفتری نظام ،بروقت ڈیوٹی دینے اور ایمانداری کاخیال رکھیں عوام الناس بعض اوقات ملازمین سے بھی گلہ کر رہے ہیں اور بجا گلہ کر رہے ہیں ۔مگر اگر حکمرانوں کی تنخواہیں ومراعات کیلئے رقم ہیں اور دیگر صوبوں اوروفاق کے ملازمین کیلئے بجٹ میں بھاری فنڈزرکھے جاسکتے ہیں تو بلوچستان کے مظلوم اور کم تنخواہ والے ملازمین کابھی حق ہے کہ ان کی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ ہوجائیں ۔

close