این اے 249ضمنی الیکشن، سیکیورٹی پرکوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، چیف الیکشن کمشنر نے خبردار کر دیا

کراچی(آئی این پی) چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے واضح کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249کراچی کے ضمنی انتخاب کے عمل کے دوران سیکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار آئینی ادارہ ہے جس کا کام آزادانہ ، غیر جانبدانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے لہذا تمام افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام ،ووٹرز ،امیدواروں اور سیاسی

جماعتوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے یکساں مواقع مہیا کیے جائیں ۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میںضمنی انتخاب برائے این اے 249کراچی کی انتظامی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے این اے249کراچی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے دوران میٹنگ واضح کیا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر وار ریٹرننگ آفیسر کو ہدایات جاری کی کہ تمام سیکیورٹی عملے سے مسلسل رابطے میں رہیں اور گاہے بگاہے اس حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کرتے رہیں اور انہوں بتایا کہ سیکیورٹی خدشات اور حلقے کی حساسیت کے پیش نظر پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان آرمی ، رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطہ رکھنے پر زوردیا ۔انہوں نے ہدایات دیں کہ پولنگ عملے کو فارم 45سے متعلق پوری آگاہی دی جائے اور ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت جاری کی جائے کہ امیدواروں کے نامزد کردہ پولنگ ایجنٹ کو متعلقہ فارم کی کاپی فراہم کرنے سے پہلے اس کے دستخط حاصل کئے جائیں ۔پریزائیڈنگ افسران کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ فارم 45کی کاپی ہر صورت پولنگ ایجنٹس کو فراہم کریں ، انتخابی سامان کی روانگی اور واپسی کے موقع پر پولنگ کے عملے کو دستیاب سہولتیں مہیا کی جائیں ۔انہوں نے اجلاس میں تمام افسران پر واضح کیا کہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار آئینی ادارہ ہے جس کا کام آزادانہ ، غیر جانبدانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے لہذا تمام

افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام ،ووٹرز ،امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے یکساں مواقع مہیا کیے جائیں ۔انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ چیف سیکرٹری اور تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے میٹنگ کا انعقاد کریں تا کہ حلقہ این اے 249میں انتخابات کا آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انداز میں انعقاد کرایا جا سکے اور ضابطہ اخلاق کا نفاذ اور پاسداری کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر خالی آسامیوں کو پر کیا جائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں