سندھ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا

کراچی (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے کراچی، حیدرآباد، سکھر ، لاڑکانہ سمیت سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات ہونا سندھ حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے۔ کراچی جیسے میگا سٹی میں بھی آوارہ کتوں کا راج ہے ، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ کے میڈیا سیل سے جاری کردہ

بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ تین ماہ صرف کراچی میں کتے کے کاٹنے کے واقعات ساڑھے سات ہزار سے زیادہ ہوئے ہیں، سندھ حکومت کے کتے کے کاٹنے کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیئے اقدامات صرف بیانات کی حد تک ہی ہیں۔ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کراچی میں سگ گزیدگی کے واقعات پر قابو پانے میں مکمل طور پرناکام ہوچکے ہیں ، ستم ظریفی تو یہ ہے کہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا محکمہ صحت مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے صحت کے لیئے جاری کیے جانے والا فنڈ محکمہ صحت کے وزیر اور ان کے حواریوں کی عیاشیوں میں خرچ ہوجاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتال غریبوں کو موت بانٹ رہے ہیں ، روزانہ سیکڑوں لوگ کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہوجاتے ہیں جس کی ساری ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ سندھ حکومت کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیئے سنجیدگی کا مظاہر ہ کرے اور متاثرہ شخص کو فی الفور ایسے اسپتال میں پہنچایا جائے جہاں اینٹی ریبیز ویکسین موجود ہو ، پورے صوبے میں کتے کے کاٹے کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنیکی ضرورت ہے ، سندھ حکومت سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close