سکولوں میں مزید چھٹیاں دینے کا امکان، وفاقی وزیر تعلیم نے واضح اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا حالات خراب ہوئے تو مکمل لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے، سکولوں کو بند رکھنا بڑا مشکل فیصلہ ہوتا ہے، بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے، پرائیویٹ ایسوسی ایشنز کہتی سکول کھولیں، والدین کہتے بند کریں، 11 اپریل کے بعد سکول کھولنے کا فیصلہ حالات

کو دیکھ کرکریں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرکورونا حالات خراب ہوئے تو مکمل لاک ڈاؤن بھی ہوسکتا ہے، وزیراعظم کا مئوقف ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا اور ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی تو عام آدمی کی زندگی پر اثر پڑے گا، اس لوگوں کی زندگیوں کو بھی چلنے دینا ہے۔ دیہاڑی دار لوگ اور غریبوں کے کاروبار زندگی کو بھی دیکھنا ہے۔ہماری معیشت کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی دنیا کے مقابلے میں بہتر رہی۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کو بند کرنا ہمارے لیے بڑا مشکل فیصلہ ہوتا ہے، اس سے بچوں کی تعلیم کا بڑا حرج ہوا ہے، لیکن حکومت کیلئے بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے، بچوں کی صحت کیلئے ضروری ہے کہ ان کو ایسی سرگرمیوں سے دور رکھا جائے جہاں وہ اکٹھے ہوسکتے ہیں۔بچے خود بھی بیمار ہوتے ہیں بلکہ وہ بیماری کو پھیلانے کا سبب بھی بنتے ہیں۔کورونا پھیلاؤ کے باعث تعلیمی اداروں میں 11اپریل تک چھٹیاں کی گئی ہیں۔اب حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمارے لیے بڑا مشکل وقت ہے، ہر طرف سے دباؤ ہے، نجی سکولوں کی ایسوسی ایشنز کہتی ہیں سکول کھولے جائیں والدین کہتے ہیں ان کے بچوں کی صحت کا خیال رکھا جائے۔اولیول اے لیول کے امتحان ہونے ہیں، اس پر لوگوں کو بڑی تشویش ہے، اگر امتحان نہیں ہوں گے تو سال ضائع ہوجائے گا۔ اس لیے سارے فیصلے حالات کا جائزہ لے کر کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close