اسلام آباد (پی این آئی) اگر مسلم لیگ ن کوئی بڑی غلطی نہ کرے تواسے اگلی حکومت مل جائے گی ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار حبیب اکرم نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی روزنامہ کے لیے اپنے ایک کالم میں انہوں نے لکھا کہ نظر آنے والی کارکردگی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو پاکستان مسلم
لیگ ن پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سے کہیں آگے نظرآتی ہے ، تاہم نوازشریف کی نااہلی کے بعد اس جماعت نے فوج کے خلاف ایک نظریہ تشکیل دے لیا ہے جو اسے آگے بڑھنے سے روک رہا ہے ، اب اگر اسے حکومت مل بھی جائے تو یہ خوف اپنی جگہ قائم ہے کہ اقتدار میں آکریہ جماعت اداروں سے لڑائی چھیڑ دے گی جس کی وجہ سے ملک مزید عدم استحکام کا شکار ہوگا ، اس صورتحال میں مسلم لیگ ن کو اقتدار ملنے سے بھی معیشت سنبھل پائے گی نہ استحکام میسر آسکے گا ، یہ اپنی طرز کی ایک نالائق حکومت ہو گی جو بظاہر دھیمے لہجے میں اصولی باتیں کرتی رہے گی لیکن ملک کو آگے لے کر نہیں چل پائے گی۔سینئر صحافی نے لکھا کہ جب پاکستان مسلم لیگ ن کی کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس جماعت کو بھی پاکستان کے مسائل کا علم ہے نہ انہیں حل کرنے کے لیے اس کے پاس کوئی ٹیم ہے ، کیوں کہ 2013 تا 2018 اس نے پاکستان کی معاشی ترقی کا جو ماڈل اختیار کیا وہ اندرونی پیداوار بڑھانے کے بجائے عملی طور پراپنی خارجہ پالیسی کے ذریعے پیسے کمانے پر مبنی تھا ، یعنی اس زمانے میں جو تھوڑی بہت ترقی ہوئی درحقیقت چین کی سرمایہ کاری کی وجہ سے تھی جو اس نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کی تھی ، ایسی ترقی دیرپا ہوسکتی ہے نہ اس ماڈل پر چلتے ہوئے مقامی وسائل ترقی پاسکتے ہیں ، اس طرح کی ترقی کا انجام یہ ہوتا ہے کہ ایک دن اچانک آپ کو اپنا خزانہ خالی ملتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں