غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹی ’’رڈن انکلیو‘‘ نے دفاتر سر بمہر کرنیوالی اے ڈی آر کی ٹیم کو یرغمال بنا لیا

راولپنڈی(آن لائن)غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹی ’’رڈن انکلیو‘‘ نے دفاتر سر بمہر کرنیوالی اے ڈی آر کی ٹیم کو یرغمال بنا لیا ۔رڈن انکلیو کے غنڈے آر ڈی اے کے اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاںدیتے رہے اور کئی گھنٹے حبس بے جا میں رکھا۔تھانہ روات میں درج مقدمہ نمبر3/24میں محمد آصف بشیر اسسٹنٹ انچارج

انفورسمنٹ ونگ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہم رڈن انکلیو کے دفتر واقع ولائت کمپلیکس پہنچے تو اس کے وہاں موجود غنڈوں عثمان قریشی اور دیگر نے ہمیں دیکھتے ہی اسلحہ تان لیا اور غلیظ گالیاںدنیا شروع کردیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دینا شروع کردیں اور مجھے میرے ساتھیوں سمیت یرغمال بنا کر حبس بے جا میںرکھا ۔بار بار سرکاری کام میں مداخلت کرتے ہوئے ہمیں دفاتر سربمہر کرنے سے روکتے رہے ۔اس وقوعہ کے اسسٹنٹ انچارج انفورسمنٹ محمد آصف بشیر نے ویڈیو بھی بنائی جو تھانہ میں پیش کردی گئی ہے ۔ملزمان کیخلاف زیر دفعہ 506 ،342ت پ اور 186ت پ درج کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رڈن انکلیو غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی چند کنال زمین پر بلڈوزر چلتے دکھا کر پاکستان بھر اور سمندر پارپاکستانیز سے مبینہ طور پر 40ارب روپے لوٹ چکی ہے اور عمومی طورپر شہریوں کو تاثر دیا جاتا ہے کہ یہ سوسائٹی ایک حساس ادارے کی زیر نگرانی چل رہی ہے حالانکہ اس کا کسی بھی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور آرڈی اے حکام ان کے خلاف متعدد مقدمات درج کروا چکے ہیں اور اب بات اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ رڈن انکلیو کے غنڈوں نے آرڈی اے کے افسران اور اہلکاروں کو ہی یرغمال بنا لیا ۔اس حوالے سے چیئرمین آرڈی اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی مسلسل غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف

کارروائی میں مصروف ہے جب آرڈی اے کو اطلاع ملی کہ رڈن انکلیو کی انتظامیہ نے ازخود سوسائٹی کو ڈی سیل کردیا ہے اور سوسائٹی کے گارڈز نے عملے کو دھمکیاں دیں اور یرغمال بنایا تو ہم نے ایک بار پھر قانون کا راستہ اپنایا اور سوسائٹی منیجر کیخلاف دوبارہ مقدمہ درج کروادیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ تھانہ روات پولیس نے ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close