اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سی کیٹگری میں شامل ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں پر عائد پابندی میں نرمی کر دی ہے۔ سی کیٹگری میں شامل 12 ممالک سے آنے والے مسافروں کو اب خصوصی اجازت نامے کے تحت سفر کی اجازت دی جائی گی۔حکومت پاکستان نے کورونا
وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے پیش نظر 23 مارچ سے سی کیٹگری کی فہرست میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر 5 اپریل تک مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم اب ان ممالک سے آنے والے مسافر خصوصی اجازت نامہ حاصل کر کے پاکستان داخل ہو سکیں گے۔سول ایوی ایشن کی جانب سے تشکیل دی گئی سی کیٹگری میں 12 ممالک شامل ہیں جن میں جنوبی افریقہ، روانڈا، پیرو، تنزانیہ، زیمبیا، موزمبیق، کینیا، گھانا، کوموروس، کولمبیا، برازیل اور بوٹسوانا شامل ہیں۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام فضائی کمپنیوں کو سی کیٹگری کی فہرست میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے کے مطابق ‘تمام فضائی کمپنیوں کو سی کیٹگری میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو دیا گیا اجازت نامہ اور مکمل تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔‘سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سعد بن ایوب نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘سی کیٹگری کی فہرست میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی برقرار ہے تاہم ان ممالک میں مقیم پاکستانی مسافروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ خصوصی اجازت نامے کے بعد سفر کی اجازت دی جائے۔‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ان ممالک سے براہ راست پاکستان کے لیے پروازیں نہیں چلائی جا رہیں تاہم رابطہ پروازوں پر بھی سفر سے قبل ایسے مسافروں کو ‘پاس ٹریک’ کے ذریعے اپنی درخواست دینا ہوگی۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق ’این سی او سی کی باضابطہ اجازت کے بعد سفر کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کی شرط برقرار رہے گی۔‘خیال رہے کہ سول
ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے تین کیٹگریز تشکیل دی ہیں۔اے کیٹگری میں 20 ممالک کو شامل کیا گیا ہے جنہیں پاکستان میں داخلے کے لیے کورونا ٹیسٹ سے بھی استثنی حاصل ہے۔اس فہرست میں سعودی عرب، آسٹریلیا، بھوٹان، چین، فجی، جاپان، قازقستان، لاؤس، منگولیا، موریتانیا، مراکش، میانمار، نیپال، نیوزی لینڈ، سنگاپور، تاجکستان، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو اور ویتنام شامل ہیں۔سی کیٹگری میں 12 ممالک شامل کیے گئے ہیں جن سے آنے والے مسافروں پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے تاہم خصوصی اجازت نامے کے بعد مسافروں کو سفر کی اجازت دی جائے گی۔جبکہ تمام دیگر ممالک کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے اور ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں