اسلام آباد (پی این آئی)کورونا کی تیسری خطرناک لہر، ملک بھر میں مسافر ٹرینیں کئی ہفتوں تک بند کیے جانے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے کیسز میں شدت آ گئی ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیاگیا ہے، تاہم حکومتی اقدامات کے باوجود کورونا کیسز میں دن بہ دن
اضافے دیکھنے میں آ رہا ہے، یہاں تک کہ لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اب ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر اور بڑھتے کیسز کے پیش نظر مسافر ٹرینوں کوایک بارپھر 3ہفتے کیلئے بند کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کورونا ایس او پیز کی وجہ ٹرینوں کی ابھی 70فیصد بکنگ کی جا رہی ہے جب کہ اگلے 2روز میں ٹرینوں کیلئے بکنگ 50فیصد کر دی جائے گی۔کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے مسافروں ٹرینوں کو 3 ہفتوں کے لیے بند کیے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام پر نصف مسافر ٹرینوں کو بند کیا جائے گا اور صورتحال ٹھیک نہ ہونے پرمسافر ٹرینیں وقتی طور پربندہوسکتی ہیں۔مسافرٹرینوں پرحتمی فیصلہ وزیر ریلوے کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ہو گا۔ سندھ حکومت بھی بڑھتے کوروناکیسز پرٹرینوں کی بندش کے حق میں ہے۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے حوالے سے فاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا مثبت آنے کی شرح بڑھنے کے باعث ہسپتال تیزی سے بھر رہے ہیں، تشویشناک حالت کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وبا سے بچاو کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔پاکستان میں کورونا سے بچاو کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا پھیلاو کے علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے اور این سی او سی صوبوں کو کورونا پھیلاو کے ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گی جبکہ 5 اپریل سے ملک بھر میں انڈور اور آوٹ ڈور شادی کی تقاریب پر پابندی ہوگی۔این سی او سی نے یہ بھی واضح کیا کہ صوبوں کو شادی تقریبات پر پابندی کے ٹائم فریم کا اختیارہوگا، صوبے کرونا شرح کےمطابق شادی کی تقریبات پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سماجی، کلچرل، سیاسی، کھیلوں کی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی، اس کے علاوہ کرونا کے پھیلاو کی روک تھام کے لئے بین الصوبائی آمدورفت میں کمی کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تاہم بین الصوبائی آمدورفت سےمتعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سےہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں