لاہور (پی این آئی) کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن پر غور شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اور دیگر اضلاع میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد پنجاب حکومت مکمل لاک ڈاؤن کی جانب جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کل سخت اقدامات اٹھانے جا رہی ہے۔پنجاب بھرمیں لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو سنجیدہ نہیں لیا۔ شہری پیار کی زبان نہیں سمجھ رہے، اس لئے سختی کرنا پڑے گی۔ لاک ڈاوَن ہی واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، صوبے میں مکمل مکمل لاک ڈاوَن ہی ایک واحد حل ہے۔خیال رہے کہ لاہور کے 27 علاقوں میں2 ہفتے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ان علاقوں میں جوہر ٹاؤن، پی آئی اے سوسائٹی، این ایف سی سوسائٹی،پریس کلب سوسائٹی، ڈی ایچ اے، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ،اسٹیٹ لائف سوسائٹی، بنکرز سوسائٹی، شاہدرہ، علامہ اقبال ٹاؤن، گلشن راوی کے علاقے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں شاپنگ مالز، دفاترز، اور کاروباری مقامات بند رہیں گے۔ مزید برآں کمشنر لاہور محمد عثمان کی زیرصدارت کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس اوپیز اور ماسک پہننے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی ایسے افراد کو پکڑ کرتھانے میں بند کر دیا جائےگا، جبکہ ماسک نہ پہننے پرمقدمہ درج کیا جائے گا اور 6 ماہ کی قید ہوسکتی ہے۔ فیصلے پر آج ہی لاہور میں عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سڑکوں پرمامور رہے گی اور کورونا کی خلاف ورزیوں پرکارروائیاں کی جائیں گی۔ پبلک مقامات پر کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں